حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کے شمالی خطے لداخ کے ضلع کرگل میں شہادت بی بي دو عالم حضرت فاطمۃ الزہراء سلام اللہ علیہا کی یوم شہادت کے مناسبت سے ایام فاطمیہ کے آخری دن پورے ضلع میں مجالس عزاداری کا اہتمام کیا گیا۔
اس سلسلے میں مرکزی شہر کے بازاروں میں 3 جمادی الثانی کے دن جلوس عزاداری کا اہتمام بھی کیا گیا۔انجمن جمعیت العلماء مدرسہ اثنا عشریہ کرگل کے جانب سے ایک بڑے تعزیتی جلوس نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے فاطمیہ ہسپتال کے مجویزہ احاطے سے برآمد ہوا۔ یہ جلوس فاطمیہ چوک، اور مرکزی بازار کے خمینی چوک سے ہوتے ہوئے لال چوک سے انقلاب منزل میں ہزاروں لوگوں کی جم غفیر کے پر نم آنکھوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کے اختتام پر علماء نے جناب زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اُن کی مظلومیت پر مصائب پڑھے۔
تصویری جھلکیاں: منفی 15 ڈگری ٹھنڈ کے باوجود کرگل میں ایام فاطمیہ کا انعقاد و ہزاروں کی تعداد میں عزاداروں کی شرکت
اسی روز بعد از نماز ظہرین امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے زیر اہتمام مرکزی جامع مسجد کرگل سے جلوس عزا برآمد ہوا جو لال چوک اور خمینی چوک سے ہوتے ہوئے حسیني پارک میں اختتام پذیر ہوا۔
اس موقعہ پر ہزاروں عزاداروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل حجت الاسلام حاج شیخ محمد صادق رجائی نے صدر اسلام، حجت الوداع اور پیغمبر اکرم کے رحلت کے بعد، حالات و واقعات کے تناظر میں جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے اس موقع پر جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خطبات کا اہم نکات بھی پڑھ کر سنایا اور مومنین کو ان تاریخی خطبات پر عملاً توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا جس میں امامت پر دیے گئے خطبات کا ذکر کرتے ہوئے غیبت کے اس عصر میں نائب امام مقام معظم رہبری کو اتحاد امت کے لئے بہترین نمونہ و محور ہونے پر تاکید کی۔
اس کے بعد آئی کے ایم ٹی کے نائب رئیس حجت الاسلام شیخ بشیر شاکر نے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے آستان قدس رضوی اور یمن کے نہتے شہریوں پر امریکہ کی حالیہ پابندیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کیا، ساتھ میں اُنہوں نے ہندوستان میں احتجاج پر اترے کسانوں کے تئیں حکومت کی سرد مہری کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔اس کے علاوہ لداخ میں حکومت کی جانب سے حالیہ غیر منصفانہ اقدامات کی بھی بھر پور مذمت کی۔ آخر میں ذکر مصیبت اور دعاء خیر کے ساتھ مجلس کا اختتام کیا۔
دوسری طرف آئی کے ایم ٹی کے شعبہ خواتین کی جانب سے بھی زینبیہ حال حیدری محلہ میں ایّام فاطمیہ کے مجالس کا اہتمام کیا گیا، جس میں علماء اور خطباء نے خواتین کے لئے مجالس میں خطاب فرمایا اور جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی پر روشنی ڈالی۔